YOUR INFO

Thursday 14 March 2013

سبائی سازش حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت سے سانحہ کربلا تک

2 comments

سبائی سازش حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت سے سانحہ کربلا تک

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔۔۔وبعد!۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُواْ اسْتَعِينُواْ بِالصَّبْرِ وَالصَّلاَةِ إِنَّ اللّهَ مَعَ الصَّابِرِينَ وَلاَ تَقُولُواْ لِمَنْ يُقْتَلُ فِي سَبيلِ اللّهِ أَمْوَاتٌ بَلْ أَحْيَاء وَلَكِن لاَّ تَشْعُرُونَ وَلَنَبْلُوَنَّكُمْ بِشَيْءٍ مِّنَ الْخَوفْ وَالْجُوعِ وَنَقْصٍ مِّنَ الأَمَوَالِ وَالأنفُسِ وَالثَّمَرَاتِ وَبَشِّرِ الصَّابِرِينَ الَّذِينَ إِذَا أَصَابَتْهُم مُّصِيبَةٌ قَالُواْ إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ أُولَـئِكَ عَلَيْهِمْ صَلَوَاتٌ مِّن رَّبِّهِمْ وَرَحْمَةٌ وَأُولَـئِكَ هُمُ الْمُهْتَدُونَ
اے ایمان والو صبر اور نماز سے مدد لیا کرو بےشک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے اور جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے جائیں ان کی نسبت یہ کہنا کہ وہ مرے ہوئے ہیں (وہ مردہ نہیں) بلکہ زندہ ہیں لیکن تم نہیں جانتے اور ہم کسی قدر خوف اور بھوک اور مال اور جانوں اور میوؤں کے نقصان سے تمہاری آزمائش کریں گے توصبر کرنے والوں کو (اللہ کی خوشنودی کی) بشارت سنا دو ان لوگوں پر جب کوئی مصیبت واقع ہوتی ہے تو کہتے ہیں کہ ہم اللہ ہی کا مال ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں یہی لوگ ہیں جن پر ان کے پروردگار کی مہربانی اور رحمت ہے۔ اور یہی سیدھے رستے پر ہیں۔۔۔

١٠ محرم سن ٢١ ھجرہ کو ایک نہایت افسوس ناک حادثہ دشتِ کربلا میں پیش آیا تھا، جس میں سبط رسول صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا حسین بن علی رضی اللہ تعالٰی عنہما اور آپ کے خانوادے کے اکثر افراد نیز آپ رضی اللہ عنہ کے اعوان وانصار کی کثیر تعداد نے جام شہادت نوش فرمایا تھا۔۔۔ اس حادثے کے متعلق یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہئے کے یہ ایک اچانک ظہور پذیر ہونے والا حادثہ نہیں تھا بلکہ درحقیقت اسی سبائی سازش کا ایک مظہر تھا جو پورے پچیس سال قبل اس سے بھی کہیں زیادہ افسوس ناک حادثے کو جنم دے چکی تھی یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دوہرے داماد اور تیسرے خلیفہ راشد حضرت عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ کی مظلومانہ شہادت۔۔۔ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت کا سانحہ ١٨ ذی الحجہ ٣٦ ھجری کو پیش آیا۔۔۔

اولا ذہن میں یہ بات تازہ کر لیجئے کے حق اور باطل کی جو کشمکش ازل سے چلی آرہی ہے۔۔۔اس کے ضمن میں تاریخ کا کچھ ایسا نقشہ نظر آتا ہے کے زیادہ تر غلبہ باطل کا رہا حق کے غلبے کے ادوار بڑے مختصر رہے یہ بی ایک حقیقت کبرٰی ہے کہ جب کھبی حق کا غلبہ ہوا ہے تو باطل نے اسے اپنی شکت تسلیم نہیں کیا بلکہ ایسے مواقع پر وہ وقتی طور پر دبک جاتا رہا ہے اس نے منافقانہ طور پر حق کا لبادہ اوڑھ لیا یا وقتی طور پر زیر زمین چلا گیا چنانچہ وہ اندر ہی اندر اپنی ریشہ دوانیوں کا سلسلہ جاری رکھتا ہے اور ایسے موقع کی تاک میں رہتا ہے جب وہ حامیان حق کے درمیان کوئی شدید اختلاف وانتشار پیدا کر کے اپنے لئے راستہ بناسکے اور حق کے خلاف کھڑا ہوسکے۔۔۔

چنانچہہ جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے تاریخ کا عظیم ترین معجزہ دنیا کو دکھایا یعنی (جَاء الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ) کا نقشہ بالفعل قافلہ انسانیت کو چشم سر سے دیکھنے کا موقع فراہم فرمادیا اور ایک وسیع وعریض خطہ زمین پر حق کو بالفعل قائم ونافذ فرما کر رہتی دنیا تک کے لئے ایک کامل نمونہ پیش فرما دیا تو ھق غالب ہوگیا اور باطل سرنگوں ہوگیا۔۔۔ لیکن باطل نے انقلاب محمدی کے آخری مرحلے میں وہی روش اختیار کی کہ وقتی طور پر شکت تسلیم کر کے وہ اس انتظار میں رہا کے موقع آئے تو میں وار کروں اور کاری وار کروں چنانچہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے انتقال کے فورا بعد فتنوں کا ہجوم اُٹھ کھڑا ہوا کئی کاذب مدعیان نبوت میدان میں آگئے اور ان کے ساتھ کافی جمعیت ہوگئی پھر مانعین ومنکرین زکوٰہ سے سابقہ پیش آیا اور اہل ایمان کا بیک وقت ایسے ایسے عظیم فتنوں سے نبزد آزما ہونا پڑا کہ وقتی طور پر تو محسوس ہوتا تھا کہ حق کا چراغ اب بجھا کہ بجھا۔۔۔ یہ درحقیقت وہ انقلاب دشمن قوتیں تھیں جن سے عہدہ برآ ہونے کے لئے واقعتا صدیق ہی نہیں بلکہ صدیق اکبر کی شخصیت درکار تھی رضی اللہ تعالٰی عنہ۔۔۔ صدیق دراصل نبی کا عکس کامل ہوتا ہے چنانچہ حضرت ابو بکرصدیق رضی اللہ عنہ نے ثابت کردیا کہ جس انقلاب کی تکمیل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بنفس نفیس فرمائی تھی اس کے خلاف آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد جو ردعمل ظاہر ہوا اس کی سرکوبی کرنے کی پوری صلاحیت اور عزمیت اور آہنی قوت ارادی ان کے نحیف ونزار جسم میں موجود تھی حضرت ابو بکرصدیق رضی اللہ عنہ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے انقلاب کو مستحکم کیا اور زمام کار حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے حوالے کر کے وہ بھی اپنے مالک حقیقی کی طرف مراجعت فرماگئے۔۔۔

حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا دور خلافت اور جیساکے میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت کے تعلق سے اوپر ارض کرچکا ہوں کہ حضرت ذوالنورین رضی اللہ عنہ کے بارہ سالہ دور خلافت میں سے بھی کم وبیش دس سال بالکل دور فاروقی ہی کی شان کے حامل تھے لہذا ان کو بھی شامل کر لیجئے تو یہ بیس سال اسلام کے استحکام اور اس کی توسیع کے سال ہیں انقلاب محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے زیرنگیں عراق، شام وفارس (ایران) کے پورے کے پورے ملک اور شمالی افریقہ کا مصر سے مراکش تک کا وسیع علاقہ آگیا اور اس پر اسلام کا جھنڈا لہرانے لگا اور اللہ کا دین غالب ونافذ ہوگیا۔۔۔ اب ظاہر بات ہے کہ اس کے خلاف بھی ایک ردعمل ہونا تھا یہ جو تاریخی پس منظر ہے اس کے کچھ غیر متبدل اصول ہیں آپ کے علم میں ہے کے جس انقلاب کی تکمیل اندورن عرب نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بنفس نفیس فرمائی اس کے ردعمل میں مخالفانہ تحریکیں اُٹھ کھڑی ہوئیں تو توسیع کا جو مرحلہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے جاں نثاروں کے ہاتھوں انجام پایا اس کا ردعمل کیوں نہ ہوتا۔۔۔ چنانچہ باطل نے پہلا وار کیا حضرت عمر رضی اللہ کی ذات پر۔۔۔ باطل پرست یہ سمجھتے تھے کہ شاید یہ پوری عمارت اسی ایک ستون پر کھڑی ہے اس کو گرا دو تو عمارت زمین بوس ہوجائے گی الحمداللہ کہ ان کی توقع غلط ثابت ہوئی اور عمارت برقرار رہی یہ خالص ایرانی سازش تھی ابولولو فیروز پارسی ایرانی غلام اور اس کی پشت پر مزان ایک ایرانی جرنیل تھا۔۔۔

اس سازش کی ناکامی کے بعد جو دوسرا وار ہوا ہو بہت کاری وار تھا اس میں یہود کی عیاری اور کیادی شامل تھی ان کا سازشی ذہن اور اس میں مہارت ضرف المثل بن چکی تھی عبداللہ بن سباء یمن کا ایک یہودی اُٹھتا ہے اسلام کا لبادہ اوڑھتا ہے مدینہ منورہ میں آکر قیام کرتا ہے اور نئے نئے شگوفے چھوڑنے شروع کردیتا ہے کہیں محبت آل رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پردے میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی خلافت کے متعلق وسوسہ اندازی کرتا ہے اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کے استحقاق خلافت کا پروپگنڈا کرتا ہے وہ کہتا ہے کہ ہر نبی کا ایک وصی ہوتا ہے اور وہی خلافت کا حق دار ہوتا ہے تو اصل میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے وصی حضرت علی رضی اللہ عنہ ہیں لہذا خلافت کے حقدار وہ ہیں ان کی بجائے جو بھی مسند خلافت پر فائز ہوا یا اب ہے وہ غاصب ہے کہیں حضرت علی رضی اللہ عنہ کی الوہیت کے عقیدے کا پرچار کرتا جس سے اسلام کی جڑ ‘‘ توحید ‘‘ پر کاری ضرب لگتی ہے ایرانی نو مسلم جن کی گھٹی میں نسلا بعد نسل شاہ پرستی پڑی ہوئی تھی اور جو نسب کی بنیاد پر اقتدار کی منتقلی کے خوگر تھے ان پر اس کا کتنا گہرا اثر ہوا ہوگا۔۔۔ کہیں بظاہر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت بیان کرنے کے لئے یہ نظریہ پیش کرتا ہے کہ جب حضرت مسیح علیہ السلام کا نزول ثانی ہوگا تو ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم جو افضل الانبیاء ہیں وہ بھی دوبارہ واپس تشریف لائیں گے۔۔۔ اب دیکھئے کے غیر عرب نو مسلم خوش عقیدہ لوگوں کے دلوں کو یہ بات کتنی بھانے والی ہے کہ اس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت بیان ہورہاہے یہی حربہ ہے جو اس دور میں قادیانیوں نے استعمال کیا۔۔۔ حضرت مسیح علیہ السلام کے آسمان پر اُٹھائے جانے اور ان کے نزول کے عقیدے کی نفی کرنے کے لئے انہوں نے اسی دلیل کا رُخ اس طرف رکھا کے اس طرح تو ہمارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت مجروح ہوگی۔۔۔ یہ کیسے ممکن ہے کے ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم تو فوت ہوگئے ہوں اور حضرت مسیح علیہ السلام آسمان پر زندہ موجود ہوں اور دوبارہ تشریف لائیں۔۔۔ گویا اصل بات یہی ہے کہ عوام الناس کی اکثریت عقیدے کی بنیاد پر اس قسم کے مغالطوں میں مبتلا ہوجاتی ہے ان باتوں نے سادہ لوح لوگوں کے ذہنوں اور دلوں میں گھر کرنا شروع کردیا یہ شخص مدینہ سے بصرہ گیا وہاں بھی اس نے اپنا ایک مرکز قائم کیا پھر کوفہ گیا، وہاں اس نے اپنا ایک مرکز قائم کیا دمشق جاکر وہاں کوشش کی لیکن وہاں دال نہ گلی پھر مصر گیا وہاں اپنے ہم خیالوں کو ایک جماعت تیار کی یوں ہر طرف اس نے ایک فتنہ فساد کی فضا پیدا کردی اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے دور خلافت کے آخری دو سال اس فتنےوفساد کی نذر ہوگئے جس کا نتیجہ یہ نکلا کے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت ہوئی جو تاریخ انسانی کی عظیم ترین مظلومانہ شہادت ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اگرچہ وہ اس وقت عظیم ترین مملکت کے فرماں روا تھے لاکھوں کی تعداد میں فوجیں موجود تھیں جو ان کے اشارے پر کٹ مرنے کے لئے تیار تھیں جب مٹھی بھر باغیوں نے اس شہید مظلوم کا محاصرہ کر رکھا تھا تو مختلف صوبوں کے گورنروں کی طرف سے استدعا آرہی تھی کہ ہم کو اجازت دیجئے کہ ہم فوجیں لے کر حاضر ہوجائیں اور ان باغیوں کی سرکوبی کریں لیکن وہ آپ رضی اللہ عنہ یہ عزم کئے ہوئے تھے کہ میں اپنی جان کی حفاظت ومدافعت میں کسی کلمہ گو کا خون بہانے کی اجازت نہیں دوں گا اتنی عظیم قوت وسطوت کا حامل اور اس طرح اپنی جان دینے کے لئے آمادہ ہوجائے اور اپنی جان کی حفاظت و مدافعت میں کسی کا خون بہانے کے لئے تیار نہ ہو واقعہ یہ ہے کہ پوری تاریخ انسانی میں اس کی کوئی مثال ممکن نہیں ہے۔۔۔

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کا جو صبروثبات کے کوہ ہمالیہ ثابت ہوئے، جواب یہی تھا کہ نہیں میں اپنی مدافعت میں کسی کلمہ گو گا خون بہانے کی اجازت نہیں دوں گا حضرت حسن، حضرت حسین، حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما دورازے پر پہرے دار تھے لیکن باغی پیچھے سے دیوار پھاند کر گئے اور اس ہستی کو شہید کر دیا جس کو ذوالنورین کا لقب حاصل تھا اور جس سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم راضی تھے اور جس کے حق میں دعا فرمایا کرتے تھے کہ ‘‘ اے اللہ میں عثمان سے راضی ہوں، تو بھی اس سے راضی رہیو‘‘۔۔۔

حضرت عبداللہ بن سلام جو اسلام قبول کرنے سے پہلے ایک جید یہودی عالم تھے وہ آتے ہیں اور باغیوں کو مخاطب کرتے ہیں کہ لوگو!۔ باز آجاؤ میں تورات کا عالم ہوں اور میں تمہیں بتاتا ہوں کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ اللہ کے کسی نبی کو قتل کیا گیا ہو اور اس کے بعد کم سے کم سترہزار انسان قتل نہ ہوئے ہوں یا کبھی کسی نبی کے خلیفہ کو قتل کیا گیا ہو اور اس کے بعد کم از کم پینتیس ہزار انسانوں کو قتل نہ کیا گیا ہو جان لیجئے کہ حضرت عثمان کی شہادت کے بعد جو فتنے کی آگ بھڑکے اس میں چوراسی ہزار مسلمان شہید ہوئے۔۔۔ 

حضرت علی رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت کے پورے پونے پانچ برس باہم خانہ جنگی میں گزرے جنگ جمل ہے اور جنگ صفین ہے جنگ نہروان ہے مسلمان کے ہاتھ میں مسلمان کا گریبان ہے اور مسلمان کی تلوار مسلمان ہی کا خون چاٹ رہی ہے مسلمان کا نیزہ ہے جو مسلمان کے سینے کے پار ہو رہا ہے اور کیسے کیسے لوگ حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ شہید ہورہے ہیں، حضرت زبیر رضی اللہ عنہ شہید ہورہے ہیں، حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ شہید ہورہے ہیں پھر یہ کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ شہید ہورہے ہیں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر حملہ ہوا لیکن ان پروار کاری نہ پڑا اور وہ بچ گئے حضرت عمروبن العاص رضی اللہ عنہ پر حملہ ہوا لیکن وہ اس روز کسی وجہ سے نماز فجر کے لئے نہ آئے تھے اس لئے ان کے مغالطے میں ان کے قائم مقام شہید ہوئے پھر نہ جانے ان کے علاوہ کیسے کیسے مخلص اور شجاع مسلمان ان جنگوں میں کھپت رہے۔۔۔

لیکن اس بات کو ذہن میں رکھئے کہ اس سارے فتنے کی آگ بھڑکانے والے عبداللہ بن سبا کے حواری تھے اور یہ وہ آگ تھی جو پھر ٹھنڈی نہ ہوسکی اس سبائی سازش کو سمجھنے کے لئے یہاں پر جنگ جمل کا ایک چھوٹا سا واقعہ پیش کرتا ہوں جو تمام مستند تاریخوں میں موجود ہے یہ کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فوج کے ساتھ نکلیں ہیں اور بصرہ پر ان کا قبضہ ہوا حضرت عائشہ خلافت کی مدعی نہیں تھیں معاذ اللہ۔۔۔ ان کا مطالبہ صرف یہ تھا کہ خون عثمان رضی اللہ عنہ کا قصاص لیا جائے اس وقت دونوں لشکر آمنے سامنے تھے اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ عنہ جنگ کے بجائے گفت شنید سے قضیہ نمٹانے پر آمادہ ہوگئے تھے حضرت علی رضی اللہ عنہ کی طرف سے یہ بات سامنے آئی کے وہ خون عثمان رضی اللہ عنہ کا قصاص لینے کے لئے بالکل بیار ہیں لیکن پہلے ان کے ہاتھ تو مضبوط کئے جائیں اگر ان کے ہاتھ پر بیعت ہوجائے اور انہیں تقویت پہنچائی جائے تو وہ فتنہ پروازوں سے پورا پورا حساب لیں گے لہذا بات چیت شروع ہوئی ایک بڑی امید افزا فضاء نظر آنے لگی کے حالات درست ہوجائیں گے لیکن عین اس وقت عبداللہ بن سبا اور مالک بن اشترنخعی رات کی تاریکی میں سازش کرتے ہیں کہ اس طرح تو ہمارا بھانڈا پھوٹے گا ہماری سازش کا پردہ چاک ہوگا یہ جو ڈرامہ کھیلنے کے لئے ہم نے اسٹیج بچھائی ہے یہ تو برباد ہوجائے گی لہذا وہ رات کی تاریکی میں کچھ لوگوں کو لے کر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے کیمپ پر حملہ کردیتے ہیں ادھر یہ سمجھا جاتا ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کو فوجوں نے جملہ کردیا ہے اُدھر وہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے کیمپت میں یہ پیغام بھیجتے ہیں کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے لشکر نے جملے کی ابتداء کی ہے اور وہ اچانک ہم پر ٹوٹ پڑے ہیں چنانچہ دونوں لشکر ایک دوسرے سے پوری طرح بھڑ گئے آپ اس بات کو پیش نظر رکھئے کہ جب جنگ چھڑجاتی ہے تو تحقیق کا کوئی وقت نہیں ہوتا اور یہ قطعا ممکن نہیں ہوتا کے عین اس وقت تفتیش ہو کہ اصل معاملہ کیا ہے کس نے ابتداء کی تھی اور اس کا اصل محرک کیا ہے؟؟؟۔۔۔ یہ تو وہ وقت ہوتا ہے کہ لوگ اپنی جان ہتھیلیوں پر رکھے برسرپیکار ہوتے ہیں پھر جو خون یزی ہوئی ہے اور سو دو سو نہیں بلکہ ہزاروں کی تعداد میں مسلمان ایک دوسرے کی تلوار سے شہید ہوئے ہیں یہ ہماری تاریخ کا ایک درد ناک باب ہے اس سے اچھی طرح سمجھا جاسکتا ہے کہ واقعتا فتنے کی آگ کو بھڑکانے والا چھوٹا ساگروہ بھی ہوسکتا ہے۔۔۔کہ جو اس کو طرح بھڑکادے کہ پھر اسے بجھایا نہ جاسکے یہی معاملہ جنگ صفین کے موقع پر ہوا ہے وہاں بھی مصالحانہ گفتگو کی فضاء پیدا ہوگئی تھی لیکن سبائی سازشی گروہ نےاسے بھی ناکام بنادیا اور فتنہ ختم نہیں ہوا بلکہ اس میں ‘‘ خوارج‘‘ کے گروہ کا اضافہ ہوگیا اور ایک نیا محاذ کھل گیا۔۔۔

یہاں پر ایک بات بڑے اختصار کے ساتھ کرنا ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی شہادت ایک خارجی کے ہاتھوں ہوتی ہے اس موقع پر یہ بات بھی ذہن میں رکھئے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت میں عالم اسلام ایک وحدت کی صورت میں باقی نہیں رہا تھا حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ شام کے گورنر کی حیثیت سے اس بات کے مدعی تھے کہ خون عثمان رضی اللہ عنہ کا قصاص لیا جانا چاہئے یہ بات بھی سمجھ لیجئے کے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے قطعا خلافت کا دعوٰٰ نہیں کیا تھا وہ ہرگز مدعی خلافت نہ تھے نہ حضرت علی کی خلافت کے منکر۔۔۔ وہ یہ نہیں کہتے تھے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ خلافت کے حقدار نہیں معاذ اللہ۔۔۔ اور یہ کے ان کے بدلے مجھے خلافت ملنی چاہئے ہرگز نہیں۔۔۔ وہ صرف خون عثمان کے قصاص کے مدعی تھے ان کی ایک وسیع رقبے پر بحیثیت گورنر حکومت رہی ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کے قاتلان عثمان رضی اللہ عنہ کو جو حضرت علی رضی اللہ عنہ کے کیمپ میں شامل اور معاملات میں پیش پیش تھے سزادی جائے اس کے بعد وہ بیعت کر لیں گے ان کا موقف صحیح تھا یا غلط اس پر گفتگو کا یہ موقع محل نہیں ہے فی الوقت پیش نظر صرف اس صورت واقعی کا بیان ہے کہ اس وقت عالم اسلام ایک وحدت کی حیثیت سے موجود نہیں تھا۔۔۔ 

حضرت علی رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد کوفہ میں حضرت حسن رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت خلافت ہوئی اب معلوم ہوا کے نئے سرے سے تصادم کی نوبت آنے والی ہے ادھر حضرت حسن رضی اللہ عنہ کوفے سے چالیس ہزار فوج لے کر چلتے ہیں ادھر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ دمشق سے ایک بڑی فوج لے کر روانہ ہوتے ہیں مدائن کے آس پاس دونوں لشکروں کی مڈبھیڑ ہوتی ہے حضرت حسن رضی اللہ عنہ کی فوج کا ہراول دستہ آگے آگے جارہا تھا اس کے متعلق یہ افواہ اڑ گئی کے اس کو شکت ہوگئی یہ افواہ کس نے اڑائی واللہ اعلم۔۔۔ نتیجہ یہ نکلا کہ وہی کوفی جو حضرت حسن رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھے انہوں نے وہاں وہ طوفان بدتمیزی برپا کیا کے وہ بیان سے باہر ہے بغاوت کردی خیمے لوٹ لیئے حضرت حسن رضی اللہ عنہ پر دست درازی کی انجناب کے کپڑے پھاڑ ڈالے ان باغی کوفیوں کے ہاتھوں اپنی جان کا خطرہ دیکھ کر آنجناب کو کسرٰٰی کے محل میں پناہ لینی پڑی اس کا نتیجہ یہ نکلا کے حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو ان کوفیوں کے مزاج کا بخوبی تجربہ ہوگیا۔۔۔ 

چنانچہ انہوں نے مصالح دین کی خاطر وہیں سے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو مصالحت کی پیشکش ارسال کردی جسے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے فورا قبول کر لیا اور اپنی طرف سے ایک سادہ سفید کاغذ پر اپنی مہر لگا کر حضرت حسن رضی اللہ عنہ کے پاس یہ پیغام بھیج دیاکے جو شرطیں آپ چاہیں لکھ دیں مجھے منظور ہوں گی۔۔۔ چنانچہ مصالحت ہوگئی مصالحت نامہ میں ایک شرط یہ بھی تھی کے ایران کے صوبے اہواز کا خراج حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو ملے گا یہ ایران کا وہی صوبہ ہے۔۔۔اور دوسری شرط یہ تھی کہ بیس لاکھ درہم سالانہ میرے چھوتے بھائی حضرت حسین رضی اللہ عنہ کو ملیں گے ایک شرط اور بھی تھی کہ وظائف کی تقسیم کے معاملے میں بنی ہاشم کے حق کو دوسروں پر مقدم رکھا جائے گا ایک شرط یہ تھی کے اب تک جو کچھ ہوا ہے اس پر کسی سے باز پُرس نہیں ہوگی گویا یہ عام معافی کا اعلان تھا حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے تمام شرائط منظور کر لیں اور الحمداللہ تقریبا پانچ سال کے اختلاف اور افتراق وانتشار اور باہمی خانہ جنگی کا دروازہ بند ہوا اب پورا عالم اسلام ایک وحت بن گا واضح رہے کہ اس کے بعد حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے بیعت خلافت لی اس صلح کے واقعہ پر حضرت حسن رضی اللہ عنہ نے ان الفاظ میں تبصرہ فرمایا کہ ‘‘ خلافت ان کا یعنی حضرت معاویہ کا حق تھی تو اُن تک پہنچ گئی اور اگر میرا حق تھی تو میں نے بھی ان کو سونپ دی جھگڑا ختم یہ وہ بات تھی جس کی پیشنگوئی اللہ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں فرمائی تھی کے میرے اس بیٹے یعنی حسن رضی اللہ عنہ کے ذریعے اللہ تعالٰی ایک وقت میں مسلمانوں کے دو گروہوں میں مصالحت کرائے گا یہ خصوصی مقام ومرتبہ ہے حضرت حسین رضی اللہ عنہ کا۔۔۔ 

یہ بات بھی ذہن میں رکھئے کہ وہ سازشی اس صورت حال میں سخت مشتعل تھے انہوں نے حضرت حسن رضی اللہ عنہ پر طعن کیا آپ کی طرح طرح سے توہین کی آپ کو ‘‘ یاعار المومنین‘‘ یعنی اے اہل ایمان کے حق میں عار اور ننگ اور شرم کے باعث انسان اور ‘‘ یا مذل المومنین ‘‘ اے مسلمانوں کو ذلیل کرنے والے انسان تک کہا گیا۔۔۔ یہ توہیں آمیز خطابات وہ لوگ آپ کو دیتے تھے جو بظاہر آپ کے حامی تھے وہ برملا کہتے تھے کہ اے حسن رضی اللہ عنہ تم نے یہ صلح کر کے ہماری ناک کٹوادی ہے اور اہل ایمان کے لئے تم نے کوئی عزت کا مقام باقی نہیں رکھا ہے لیکن اللہ تعالٰی اس اُمت کی طرف سے ابدالاباد تک حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو جزاء خیر عطاء فرمائے کے ان کے اس ایثار کی بدولت وہ رخنہ بند ہوگیا اور وہ دراڑ پُر ہوگئی جو عالم اسلام میں اس آپس کے خلفشار کی وجہ سے پڑ گئی تھی۔۔۔
لو استقبلت ما استدبرت لاخذت فضول اموال الاغنیاء ولقسمتہ بین الناس۔۔۔۔۔ او کما قال

اب اس بات کو ذہن میں رکھئے کے پورے بیس برس عالم اسلام پھر متحد رہا۔۔۔ مگر حضرت معاویہ کے عہد حکومت کو اہلسنت دور خلافت راشدہ میں شامل نہیں کرتے اسلامی حکومت کا آئیڈیل مزاج وہ ہے جو ہمیں حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ سے لیکر حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے ابتدائی دس سال تک نظر آتا ہے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ صحابی اور کاتب وحی ہیں کسی بدنیتی کو ہم ان کی طرف منسوب نہیں کرسکتے لیکن یہ بھی حقیقت ہے اور صحیح ہے کہ ان کا وہ مقام اور مرتبہ کبھی کسی نے نہیں سمجھا جو حضرت علی رضی اللہ عنہ کا ہے۔۔۔ یہ الگ بات ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں جو بھی جھگڑے رہے جس کی وجہ سے مسلمانوں میں آپس میں جنگیں ہوئیں حاشاوکلا ان کا کوئی الزام حضرت علی رضی اللہ عنہ کی ذات پر نہیں ہے اس میں ان کا نہ کوئی قصور تھا نہ کوتاہی۔۔۔ معاذ اللہ۔۔۔۔ بلکہ یہ تو اغیار کی سازش تھی کہ انہوں نےفتنے کی آگ کو اس طرح بھڑکایا تھا کہ اس کو بجھایا نہ جاسکا لیکن حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت کے یہ بیس سال امن کے سال ہیں باہمی خانہ جنگی ختم ہوگئی جادہ پیما پھر کارواں ہمارا کی کیفیت پھر سے پیدا ہوئی اور دعوت وتبلیغ اور جہاد وقتال کے عمل کا احیاء ہوا توسیع ازسر نو شروع ہوئی فتوحات کا دائرہ وسیع ہوا یہ بیس سال دور خلافت راشدہ کے بعد اُمت کی تاریخ میں جتنے بھی ادوار آئے ہیں ان میں سب سے افضل اور بہتر دور ہے اس میں کسی شک و شبہہ کی گنجائش نہیں ہے سب سے اہم بات یہ کہ سربراہ حکومت ایک صحابی ہیں ان کے بعد معاملہ آتا ہے حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ علیہ کا لیکن وہ صحابی نہیں ہیں تابعی ہیں۔۔۔ اور ہم کسی غیر صحابی کو صحابی کے ہم پلہ اور ہم مرتبہ سمجھنے کے لئے تیار نہیں ہیں اہلسنت کا مجمع علیہ عقیدہ ہے کہ ادنٰٰی سے ادنٰی صحابی بھی اُمت کے بڑے سے بڑے ولی سے افضل ہے۔۔۔

بہرحال میں نے عرض کیا تھا کے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے دور حکومت کے بیس سال میں امن رہا واضح رہے کے حضرت حسین رضی اللہ عنہ بھی وہی ہیں حضرت حسن رضی اللہ عنہ بھی دس سال تک زندہ رہے سن ٤١ ھجری میں یہ صلح ہوئی تھی اور سن ٥١ ھجری میں حضرت حسن رضی اللہ عنہ کا انتقال ہوا ان کا انتقال زہر کے اثر سے ہوا زیر کس نے دیا؟؟؟۔۔۔ کیوں دیا؟؟؟۔۔۔ اس کا تعلق حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے ہونا بعید از قیاس ہے ان کو کیوں ضرورت پیش آئی تھی کے وہ حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو زہر دلواتے جبکہ صلح کے بعد ان دونوں کے قریبی اور دوستانہ مراسم تھے۔۔۔ زہر دینے والا کوئی سمجھ میں اگر آسکتا ہے تو وہ وہی گروہ ہوسکتا ہے کہ جس نے آنجناب کو ‘‘عار المومنین‘‘ اور مذل المومنین‘‘ جیسے اہانت آمیز خطابات دیئے تھے اور آپ کو طرح طرح سے ذہنی اذیتیں پہنچائی تھیں ظاہر ہے کہ زیردلایا ہوگا۔۔۔تو اُسی گروہ نے دلوایا ہوگا جن سے ان کی مصالحت ہے ان کی طرف سے زہردلانے کا امکان بہرحال عقل انسانی تسلیم نہیں کرسکتی۔۔۔

اس کے بعد آتا ہے امیر یزید کی بحیثیت ولی عہد نامزدگی اور پھر ان کے دور حکومت میں سانحہ کربلا کا واقعہ جو دردناک بھی ہے اور افسوس ناک بھی اور جس نے بلاشک وشبہ تاریخ اسلام پر بہت ہی ناخوشگوار اثرات چھوڑے ہیں اس مسئلے پر گفتگو سے قبل میں چاہتا ہوں کے آپ سے عرض کروں کے اس موقع پر یہ بات ذہن میں رکھ لیجئے کہ اگرچہ اُمت میں اختلاف اور افتراق کے افسانے بہت ہیں لیکن یہ واقعہ یہ ہے کہ ہمارے باقی اختلافات فقہی اختلافات ہیں عقائد کے اختلافات نہیں۔۔۔ عقائد کے اختلافات تو ہمارے ہاں کے کچھ نچلی سطح کے نام نہاد دواعظین اور مولویوں نے بنالئے ہیں کے جن کی دوکان چلتی ہی ان اختلافات کے بل پر ہے۔۔۔ ورنہ ذہن میں رکھئے کے دیوبندی ہوں۔۔۔ یابریلوی ہوں ان کے عقائد ایک ہیں عقائد کی مستند کُتب ان کے ہاں ایک ہیں ان کی فقہ بھیایک ہے پھر اہلسنت کے جو دوسرے گروہ ہیں وہ مالکی ہوں، شافعی ہوں، حنبلی ہوں، اہلحدیث ہوں، ان میں فقہی معاملات میں اختلافات ہیں عقائد ایک ہی ہیں ہاں عقائد میں جو اختلاف اور فرق واقع ہوا ہے تو وہ شیعوں اور سنیوں کے مابین ہوا ہے اس اختلاف کو واقعتا نطر انداز نہیں کیا جاسکتا تاریخی واقعات کے بارے میں رائے اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھا جاسکتا ہے شخصیات کے بارے میں بھی اگر اختلاف ہو تو اسے بھی کسی حد تک نظر انداز کیا جاسکتا ہے کسی کا ذاتی رجحان اگر یہ ہے کہ وہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کو حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے افضل سمجھتا ہے تو یہ بھی ایسی بنیادی واساسی بات نہیں بے کے جس کی بناء پر ‘‘ من دیگرم تودیگری‘‘ کا معاملہ ہوسکے البتہ یہ ضرور ہے کے پوری اُمت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب میں سب سے افضل ترین حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی شخصیت ہی نہیں سمجھتی بلکہ پوری نوع انسان میں انبیاء کرام کے بعد افضل البشر سمجھتی ہے لیکن اس بھی عقیدے کا بنیادی اختلاف قرار نہیں دیا جاسکتا۔۔۔ 

شاہ ولی اللہ دہلوی رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ۔۔۔
اگر میری طبعیت کو اس کی آزادی پر چھوڑ دیا جائے تو وہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی فضیلت کی قائل ہوتی نظر آتی ہے لیکن مجھے حکم ہوا ہے کہ میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا اقرار کروں۔۔۔

میری ناقص رائے میں خلفائے راشدین کی فضیلت میں تقدیم وتاخیر اگرچہ فی نفسہ ایک اہم مسلہ ہے تاہم اسے عقیدے کا اختلاف قرار نہیں دیا جاسکتا اصل اہم مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے نزدیک معصومیت ختم ہوچکی ہے جناب نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم پر۔۔۔ ہمارے نزدیک آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النیین والمرسلین کے ساتھ ساتھ خاتم المعصومین بھی ہیں اور ہم اسے ایمان بالنبوت اور ایمان بالرسالت کا ایک لازمی جزء سمجھتے ہیں اور یہ بات یقینا نبیادی عقیدے سے متعلق ہے اس لئے کہ یہ عقیدہ ختم نبوت کا لازمی نتیجہ ہے چونکہ عصمت ومعصومیت خاصہ نبوت ہے نبوت ختم ہوئی تو عصمت اور معصومیت بھی ختم ہوئی اب نبوت کے بعد اجتہاد کا دروازہ کھلا ہے وجی نبوت کا دروازہ بند ہے اور تاقیامت بند رہے گا تاریخ انسانی کا بقیہ سارا دور اجتہاد کا ہے اجتہاد میں مجتہد اپنی امکانی حد تک کوشش کرتا ہے کہ اس کی رائے قرآن وسنت ہی سے ماخوز ومستنبط ہو لیکن معصوم عن الخطاء نہیں ہے اس اجتہاد میں خطاء بھی ہوسکتی ہے لیکن اگر نیک نیتی کے ساتھ خطاء ہے تو ہمارا عقیدہ یہ ہے کہ مجتہد مخطی کو بھی ایک اجروثواب ملے گا اگرچہ اکہرا اور مجتہد اگر مصیبت ہو یونی صحیح رائے تک پہنچ گیا ہو تو اسے دوہرا اجرا ملے گا جبکہ شیعہ مکتب فکر کا عقیدہ امامت معصومہ کا ہے ہمارے نزدیک جیسا کے میں نے ابھی عرض کیا، معصومیت خاصہ نبوت ہے وہ اپنے آئمہ کو بھی معصوم مانتے ہیں اوریہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ ان سے خطاء کا صدمہ ممکن نہیں ہمارے اعتبار سے تو اس نوع کی امامت ایک قسم کی نبوت بن جاتی ہے اور ہر قسم کی نبوت کو ہم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ختم سمجھتے ہیں۔۔۔ لہذا بنوت کے بعد جو بھی زمانہ آیا اس میں کسی کا جو بھی اقدام ہے اس میں ہم احتمال خطاء کو بعید از امکان نہیں سمجھتے خواہ وہ اقدام حضرت علی رضی اللہ عنہ کا ہو خواہ وہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا ہو خواہ وہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا ہو یا حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کا۔۔۔ لہذا اگر کوئی شخص ان میں سے کسی کے کسی فیصلے یا اقدام کے بارے میں یہ رائے دینا چاہئے کے فلاں معاملے میں ان سے خطاء ہوئی تو اسے حق ہے وہ کہہ سکتا ہے البتہ دلیل سے بات کرے اور اُسے اجتہادی خطاء سمجھے تو یہ بات ہمارے عقیدے سے نہیں ٹکرائے گی۔۔۔ یہ دوسری بات ہے کہ پوری چودہ سوسال کی تاریخ میں حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے دور سے لیکر آج تک کسی شخص نے صدیق اکبررضی اللہ عنہ کی کسی خطاء کو پکڑا نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ہم یہ کہتے ہیں کہ امکان خطاء موجود تھا اور وہ معصوم عن الخطاء نہیں تھے۔۔۔ لہذا کوئی شخص اگر یہ کہنا چاہے کہ ان سے خطاء ہوئی یہ نہ کرتے یا یوں کرتے تو بہتر تھا تو ہم اس کی زبان نہیں پکڑیں گے۔۔۔چونکہ ہم ان کی معصومیت کے قائل ہی نہیں ہیں حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو تو خود اپنی بعض اجتہادی آراء میں خطاء کا احساس ہوا جن سے انہوں نے علی الاعلان رجوع کر لیا البتہ اپنی ایک خطاء کا وہ صرف اعتراف کرسکے اس کا ازالہ نہ ہوسکا وہ یہ کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت میں خود انہوں نے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ پر زور دے کر وظائف کے تعین کے معاملے میں ایک فرق رکھوایا یعنی یہ کے بدری صحابہ کو دوسروں کے مقابلے میں کافی زیادہ وظیفہ ملنا چاہئے اور اصحاب شجرہ کو بدری صحابہ رضی اللہ عنہما سے کم لیکن دوسروں سے زیادہ وظیفہ ملنا چاہئے۔۔۔ یہ فرق مراتب حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے رکھوایا اور اپنی حیات دنیوی کے آخری ایام میں آپ اس پر پچھتائے اس کی وجہ کیا تھی وہ بھی جان لیجئے یعنی یہ کہ اللہ تعالٰی کی نصرت اور مسلمانوں کے جوش جہاد اور شوق شہادت کی وجہ سے نہایت عظیم الشان فتوحات ہوتی چلی گئیں اور مال غنیمت بےحدوحساب دارالاسلام میں آنے لگا اب جو بڑے بڑے وظائف باقاعدگی سے ملے تو اس نے سرمایہ داری کی شکل اختیار کر لی اس لئے کے معاشرے میں بالفعل یہ صورت حال پیدا ہوگئی تھی کے صدقہ خیرات لینے والا کوئی مستحق ڈھونڈے سے بھی نہیں ملتا تھا بنابرین ارتکاز دلت کی شکل پیدا ہونی شروع ہوگئی اور وظائف میں فرق وتفاوت نے اصحاب دولت وثروت کے مابین بھی عظیم فرق وتفاوت پیدا کردیا اگر وہ دولت کسی ہموار ومساوی طریقے پر منتقل ہوتی تو یہ صورتحال رونما نہ ہوتی یہ وہ چیزیں تھی جس کو دیکھ کر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا تھا کے۔۔۔

لو استقبلت ما استدبرت لاخذت فضول اموال الاغنیاء ولقسمتہ بین الناس۔۔۔۔۔ او کما قال
اب اگر کہیں وہ صورت حال دوبارہ پیدا ہوجائے جو اب پیچھے جاچکی ہے تو میں لوگوں کے اموال میں جو فاضل ہے وہ لے کر دوسرے لوگوں میں تقسیم کردوں۔۔۔

پس معلوم ہوا کے آپ رضی اللہ عنہ کو ایک احساس ہوا یہ بات میں نے صرف اس لئے عرض کی ہے کہ اہلسنت کا یہ موقف واضع ہوجائے کے خطاء کا احتمال و امکان صحابی کے بارے میں بھی ہوسکتا ہے لیکن ہم اس خطاء کو اجتہادی خطاء قرار دیں گے اور اسے نیک نیتی پر محمول کریں گے یہ بات ہر صحابی کے بارے میں کہی جائے گی یہی بات اور یہی رائے نہ صرف حضرت معاویہ، حضرت عمروبن العاص، حضرت مغیرہ بن شعبہ رضوان اللہ تعالٰی علیھم اجمعین کے بارے میں کہی جاسکتی ہے۔۔۔ بلکہ حضرت علی رضی اللہ عنہ اور حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے بارے میں بھی یہاں تک کے حضرات شیخین اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہ ذوالنورین رضی اللہ تعالٰی عنہم اجمعین کے بارے میں بھی کہی جاسکتی ہے۔۔۔ لہذا یہ بات پیش نظر رکھئے کہ اب گفتگو کا جو مرحلہ آرہا ہے جو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے ایک اقدام سے متعلق ہے اس کے بارے میں بھی وہ رائیں ممکن ہیں ان کو یہ بات مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ نے سوجھائی (جو مسلمہ طور پر ایک نہایت ذہن وفہیم مدبر اور دور رس نگاہ رکھنے والے صحابی مانے جاتے ہیں)۔۔۔ کہ دیکھئے مسلمانوں میں آپس میں جو کشت وخون ہوا اور پانچ برس کا جو عرصہ آپس کی لڑائی جھگڑے میں گزرا کہیں ایسا نہ ہو کے آپ کے بعد پھر وہی حالات پیدا ہوجائیں لہذا اپنی جانشینی کا مسئلہ اپنی زندگی میں ہی طے کر کے جایئے اب کوئی شخص چاہے (اور ہمارے ہاں ایسے لوگوں کی کمی نہیں ہے) تو وہ بڑی آسانی سے حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ پر یہ فتوٰی لگادے کہ انہوں نے کسی لالچ اور کسی انعام کی اُمید کی وجہ سے یا چاپلوسی کے خیال سے یہ رائے دی معاذ اللہ۔۔۔
ہم یہ رائے نہیں دے سکتے حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں شامل ہیں جنہوں نے حدبیہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دست مبارک پر وہ بیعت کی تھی جس کو بیعت رضوان کہا جاتا ہے اور اس بیعت پر سورہ فتح میں اللہ تعالٰی نے اپنی رضا کا اظہار فرمایا تھا۔۔۔ چنانچہ وہ اصحاب شجرہ میں سے ہیں پھر حضرت علی رضی اللہ عنہ کے پورے عہد حکومت میں وہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے بڑے حامیوں میں رہے اور ہر مرحلے میں انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کا ساتھ دیا لیکن وہ اُمت کے حالات کو دیکھ رہے تھے آپس کی خانہ جنگی کا انہیں تلخ اور دردناک تجربہ ہوا تھا۔۔۔ یہ ٦٠ ھجری کے لگ بھگ کا زمانہ ہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے پورے پچاس برس گزرنے چکے ہیں کبار صحابہ رضوان اللہ تعالی علیھم اجمعین کی عظیم اکثریت اللہ کو پیاری ہوچکی ہے اب تو صغار صحابہ میں بھی کچھ لوگ موجود ہیں اور یہ گویا صحابی کی دوسری نسل کے افراد ہیں جسے حضرت زبیر بن العوام رضی اللہ عنہ شہید ہوچکے اب ان کے بیٹے حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ ہیں حضرت عمر رضی اللہ عنہ شہید ہوچکے اب ان کے بیٹے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ ہیں۔۔۔ حضرت عباس رضی اللہ عنہ اللہ کو پیارے ہوچکے اب ان کے بیٹے حضرت حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ موجود ہیں اسی طرح حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے صاحبزادے حضرت عبدالرحمٰن بن ابوبکر رضی اللہ عنہ ہیں الغرض چند صغار صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمیعن کو چھوڑ کر تقریبا ننانوے فی صد لوگ تو بعد کے ہیں پھر وہ جوش و جذبہ ایمانی بھی پچاس سال کے بعد اس درجے کا نہ رہا تھا جو خلافت راشدہ کے ابتدائی پچیس سال تک نظر آتا ہے اس ضمن میں ‘‘ جواہر اندیشہ‘‘ اور شدت احساس کا عالم تو یہ ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے دور میں ایک موقع پر جب کچھ عیسائی آئے اور ان کو قرآن مجید کی آیات سنائی گئیں اور شدت تاثر سے ان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے تو حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے فرمایا۔۔۔

ھکذا حتی قست القلوب
یہی حال کبھی ہمارا ہوا کرتا تھا کہ قرآن مجید پڑھتے تھے اور سنتے تھے تو ہماری آنکھوں سے آنسو جاری ہوجایا کرتے تھے یہاں تک کے دل سخت ہوگئے۔۔۔

ذرا غور فرمائیے یہ بات حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ اپنے متعلق فرمارہے ہیں کہ ہمارے دل سخت ہوگئے اسی طرح انتقال کے وقت حضرت عمررضی اللہ عنہ اپنے بارے میں فرماتے ہیں کہ ‘‘ کہ میں اگر برابر برابر پر چھوٹ جاؤں تو بہت بڑی کامیابی سمجھوں گا‘‘ پھر یہی حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ ہیں جو حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے پوچھتے ہیں ‘‘ میں قسم دے کر تم سے پوچھتا ہوں کہیں میرا نام ان منافقوں کی فہرست میں تو نہیں تھا جن کے نام نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے تمہیں بتائے تھے؟؟؟۔۔۔ تو ان جلیل القدر صحابہ کی شدت احساس کی اگر یہ صورت تھی تو آپ سوچئے۔۔۔۔۔

لہذا ان حالات میں حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ کی سمجھ میں مصالح اُمت کا یہی تقاضا آیا کے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ اپنا کوئی جانشین نامزد فرمادیں چونکہ اس وقت فی الواقع بحیثیت مجموی امت کے حالات اس شورائی مزاج کے متحمل نہیں رہے ہیں جو رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے پیدا فرمایا تھا لہذا حالات کے پیش نظر ایک سیڑھی نیچے اُتر کر فیصلہ کرنا چاہئے چنانچہ حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ نے دلائل کے ساتھ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے اصرار کیا کہ وہ اپنا جانشین نامزد کریں اور اس کی بیعت ولی عہدی لیں پھر ان ہی نے جانشینی کے لئے یزید کا نام تجویز کیا یہاں یہ بات اچھی طرح جان لینی چاہئے کہ جو شخس کسی بھی درجے میں حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو بدنیت قرار دے گا اس کا معاملہ اہلسنت سے جدا ہوجائے گا اہلسنت کا عقیدہ یہ ہے کہ ‘‘ الصحابہ کلھم عدول ‘‘ بدنیتی کی نسبت ہم ان کی طرف نہیں کرسکتے اختلاف کرسکتے ہیں ہم انہیں معصوم نہیں مانتے ان سے خطاء ہوسکتی ہے ان کے کسی فیصلے کے متعلق کہا جاسکتا ہے کہ یہ صحیح فیصلہ نہیں تھا کوئی یہ کہے تو اس سے اس کے ایمان عقیدے اور اہلسنت میں سے ہونے پر کوئی حرف نہیں آئے گا یہ رائے دی جاسکتی ہے لیکن جو شخص بدنیتی کو کسی صحابی رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی منسوب کرتا ہے تو جان لیجئے کہ وہ خواہ اور کچھ بھی ہو بہرحال اہلسنت والجماعت میں شمار نہیں ہوگا۔۔۔

اب تصویر کا دوسرا رُخ دیکھئے یعنی یہ کہ جن کی نیک نیتی ہر شبہ سے بالاتر ہے انہوں نے یہ محسوس کیا یہ عمل اسلام کے مزاج کے ساتھ مناسبت رکھنے والا نہیں ہے ان میں پانچ نام بہت مشہور ہیں تین تو اُمت کے مشہور ‘‘عبادلہ‘‘ مں سے ہیں یعنی حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ، حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ، اور عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ ایک حضرت حسین ابن علی رضی اللہ تعالٰی عنھما اور حضرت ابوبکر کے صاحبزادے حضرت عبدالرحمٰن رضی اللہ عنہ انہوں نے یزید کی بیعت ولی عہدی سے انکار کیا اور ذہن میں رکھئے یہ تاریخی جملہ عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کا ہے کہ جب مدینہ کے گورنر نے ولی عہدی کی بیعت لینی چاہی تو انہوں نے بڑے غصے سے کہا کہ ‘‘ کیا اب تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور خلفائے راشدین کی سنت کے بجائے قیصر وکسرٰی کی سنت رائج کرنا چاہتے ہو کہ باپ کے بعد بیٹا جانشین ہو‘‘۔۔۔

تیسری جانت یہ حقیقت بھی پیش نظر رہے کہ ان پانچ حضرات کو چھوڑ کر اُمت کی عظیم ترین اکثریت نے بیعت کر لی جس میں کثیر تعداد میں صحابہ بھی شامل تھے اب اس واقعے کے بعد اگر کوئی چاہے تو ان سب کو بےضمیر قرار دے دے کسی زبان کو تو نہیں پکڑا جاسکتا کہنے والے یہ بھی کہہ دیں گے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان کے ایمان دولت کے ذریعے خرید لئے تھے لیکن ذرا توقف کر کے غور کیجئے کہ ناوک نے تیرے صیدنہ چھوڑا زمانے میں کے مصداق سب سے پہلے اس زڈ میں حضرت حسن رضی اللہ عنہ کی ذات گرامی آئے گی گویا انہوں نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے حق میں دولت کے عوض دستبرداری قبول کر کے اپنی خلافت فروخت کی تھی۔۔۔ معاذ اللہ ثم معاذ اللہ۔۔۔ لیکن ایسی بات کہنے والوں کو ٹھنڈے دل سے سوچنا چاہئے کہ اس طرح ہدف ملامت واہانت کون کون سی لائق صداحترام ہستیاں بنتی ہیں ہم ان کو نیک نیت سمجھتے ہیں جو بھی صحابہ کرام اس وقت موجود تھے ان میں سے جنہوں نے ولی عہدی کی بیعت کی اور جنہوں نے انکار کیا وہ سب کے سب نیک نیت تھے سب کے پیش نظر اُمت کی مصلحت تھی حضرت حسن رضی اللہ عنہ نے جو ایثار فرمایا تھا وہ تو تاقیامت اُمت پر ایک احسان عظیم شمار ہوگا یہ بات بھی پیش نظر رکھئے ک جو دوسرا مکتب فکر ہے وہ حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو بھی امام معصوم مانا ہے لہذا ان کا طرز عمل خود ان کےاپنے عقیدے کے مطابق صدفی صددرست قرار پایا۔۔۔

اب آئیے حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے موقف کو سمجھنے کی کوشش کریں اہلسنت والجماعت اس معاملے میں یہ رائے رکھتے ہیں کہ پوری نیک نیتی سے آنجناب سمجھتے تھے کہ اسلام کے شورائی مزاج کو بدلاجارہا ہے حالات کے رُخ کو اگر تبدیل نہ کیا تو وہ خالص اسلام جو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم لے کر آئے تھے اور وہ کامل نظام جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قائم فرمایا تھا اس میں کجی کی بنیاد پڑجائے گی لہذا اسے ہر قیمت پر روکنا ضروری ہے یہ رائے ان کی تھی اور پوری نیک نیتی سے تھی پھر شہر کوفہ کے لوگ ان کے ہاتھ پر بیعت کرنے کے لئے برابر ان کو پیغامات بھیج رہے تھے اور کوفیوں کے خطوط سے حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے پاس بوریاں بھر گئی تھیں یہ بھی ذہن میں رکھئے کہ کوفہ صرف ایک شہر ہی نہیں تھا بلکہ سیاسی اور فوجی حیثیت سے اس کی بھی بڑی اہمیت بھی لہذا آنجناب کی رائے تھی کے اہالیان کوفہ کے تعاون سے وہ حالات کا رُخ صحیح جانب موڑ سکتے ہیں۔۔۔

جیسا کے پہلے میں کہہ چکاہوں کے ایسے معاملات اجتہادی ہوتے ہیں اس رائے میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ بھی شریک تھے کے ولی عہدی کی جو رسم پڑگئی ہے وہ اسلام کے مزاج سے مطابقت نہیں رکھتی۔۔۔لیکن وہ آگے جاکر اختلاف کرتے ہیں ان کا اختلاف کامیابی کے امکانات کے بارے میں تھا وہ کوفہ والوں کو قطعی ناقابل اعتبار سمجھتے تھے ظاہر بات ہے کہ کسی اقدام سے پہلے خوب اچھی طرح جائزہ لینا ہوتا ہے کہ اقدام کے لئے جو وسائل وذرائع ضروری ہیں وہ موجود ہیں یانہیں۔۔۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور اہل ایمان پر قتال مکہ میں فرض نہیں ہوا تھا بلکہ مدینہ میں ہوا جبکہ اتنی قوت بہم پہنچ گئی تھی کے قتال سے اچھے نتائج کی توقع کی جاسکے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کی مخلصانہ رائے تھی کے کامیاب اقدام کے لئے جو اسباب درکار ہیں وہ فی الوقت موجود نہیں ہیں لہذا وہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کو کوفہ والوں کی دعوت قبول کرنے اور وہاں جانے سے باصراروالحاح منع کرتے رہے لیکن حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی رائے یہ تھی کہ کوفہ والوں کی دعوت قبول کرنی چاہئے اصل معاملہ یہ تھا کہ جو سچا انسان ہوتا ہے وہ اپنی سارگی اور شرافت میں دوسروں کو بھی سچا ہی سمجھتا ہے اور اپنی صداقت کی بنیاد پر دوسروں سے بھی حسن ظن رکھتا ہے کوفہ کوئی معمولی شہر نہیں تھا انتہائی اسٹریجٹک مقام پر واقع تھا یہ سب سے بڑی چھاؤنی تھی جو حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے دور میں قائم کی گئی تھی اس لئے کہ یہ وہ مقام ہے جس سے اُس شاہراہ کا کنٹرول ہوتا ہے جو ایران اور شام کی طرف جاتی ہے لہذا حضرت حسین رضی اللہ عنہ یہ رائے رکھتے تھے کہ اگر کوفہ کی عظیم اکثریت ان کا ساتھ دینے کے لئے آمادہ ہے جیسا کے ان کے خطوط سے ظاہر ہے ہوتا ہے تو اس کے ذریعے اسلامی نظام میں لائی جارہی تبدیلی کا ازالہ کیا جاسکتا ہے اور اس کا راستہ روکا جاسکتا ہے لیکن اس رائے سے اختلاف کر رہے ہیں حضرت عبداللہ بن عباس، حضرت عبداللہ بن عمر، حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہم اجمعین یہ اختلاف بھی معاذ اللہ بدنیتی پر منبی نہیں تھا۔۔۔ حضرت حسین رضی اللہ عنہ بھی اور یہ تینوں عبادلہ بھی نیک نیت تھے ان تینوں حضرات نے لاکھ سمجھایا کہ آپ کوفہ والوں پر ہرگز اعتماد نہ کیجئے یہ لوگ قطعی بھروسے کے لائق نہیں ہیں یہ لوگ جو کچھ آپ کے والد بزرگوار کے ساتھ کرتے رہے ہیں اس کو یاد کیجئے جو کچھ آپ کے برادر محترم کے ساتھ کر چکے ہیں اس کو پیش نظر رکھئے یہ عین ممکن ہے کہ ان کے دل آپ کے ساتھ ہوں لیکن ان کی تلواریں آپ کی حمایت میں نہیں اُٹھیں گی بلکہ معمولی خوف یا دباؤ یا لالچ سے آپ کے خلاف اُٹھ جائیں گے لیکن حضرت حسین رضی اللہ عنہ کا ایک فیصلہ ہے جس پر وہ کمال استقامت کے ساتھ عمل پیرا ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ اس معاملہ میں فرمان خداوندی اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کر رہے تھے یعنی فاذاعزمت فتوکل علی اللہ یعنی پہلے خوب غور کر لو سوچ لو امکانات کا جائزہ لے لو تدبر کو برؤئے کار لانا ضروری ہے سازوسامان کی فراہمی ضروری ہے یہ بھی دیکھو کہ جو صورت حال فی الواقع درپیش ہے اس کے تقاضے پورے کرنے کی اہلیت ہے یانہیں لیکن جب ان مراحل سے گزر جر ایک فیصلہ کر لو تو پھر اللہ پر بھروسہ رکھتے وہئے اقدام کرو۔۔۔ فاذا عزمت فتوکل اللہ یہ رہنمائی ہے قرآن وسنت میں۔۔۔ 

آپ کہہ سکتے ہیں کہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ نے اسسمنٹ میں غلطی کی لیکن یہ ہر گز نہیں کہہ سکتے کہ انہوں نے کسی بدنیتی سے یا حکومت واقتدار کی طلب میں یہ کام کیا معاذ اللہ ثم معاذ اللہ اہلسنت والجماعت کا یہ عقیدہ ہرگز نہیٰں ہے۔۔۔ میں ذاتی طور پر اس بات سے کھلم کھلا اور سرعام اعلان براءت کرتا ہوں اگر کسی کو یہ شک و شبہ یا غلط فہمی ہو کہ معاذ اللہ میری یہ رائے ہے کہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے اس اقدام میں کوئی نفسانیت یا کوئی ذاتی غرض تھی تو میں اس سے بالکلیہ بری ہوں الحمداللہ ثم الحمداللہ کسی کی یہ رائے اگر ہو تو ہو لیکن اچھی طرح جان لیجئے کہ اہلسنت والجماعت کے جو مجموعی اور مجمع علیہ عقائد ہیں ان میں یہ بات شامل ہے کہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے اقدام اور مشاجرات صحابہ رضی اللہ عنہ کے ضًمن میں کسی صحابی رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر بدنیتی اور نفسانیت کا حکم لگانے سے ایمان میں جانے کا خطرہ لاحق ہوجاتا ہے بلاتخصیص ہم تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کو عدول مانتے ہیں البتہ معصوم کسی کو نہیں مانتے اور ہر ایک سے خطاء اجتہادی کے احتمال وامکان کو تسلیم کرتے ہیں حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی نیک نیتی سے ایک رائے تھی نیک نیتی ہی سے ایک اندازہ تھا اور جب اس پر انشراح ہوگیا تو دین ہی کے لئے عزیمت تھی۔۔۔

جب ولی عہدی کی بیعت کا مسئلہ مدینہ منورہ میں پیش ہوا تھا جو حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ وہاں سے مکہ مکرمہ چلے گئے تھے حضرت حسین رضی اللہ عنہ نے بھی ایسا ہی کیا چند حضرات کی رائے یہ تھی کہ مکہ مکرمہ کو ہی مرکز بنایاجائے اور اصل بنیاد یہ ہی ہے۔۔۔ اور اس ولی عہدی کے خلاف رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لئے اپنی قوتوں کو مجتمع کیا جائے ابھی اس سلسلے میں کوئی مؤثر کام شروع نہیں ہوسکتا تھا کہ حضڑت معاویہ رضی اللہ عنہ کا انتقال ہوگیا اور بحیثیت دلی عہد حکومت امیر یزید کے ہاتھ میں آگئی جس کے بعد کوفہ والوں نے خطوط بھیج بھیج کر حضرت حسین رضی اللہ عنہ کو اپنی وفاداری اور آپ کے ہاتھ پر بیعٹ کرکے جدوجہد اور اقدام کا یقین دلایا آنجناب نے تحقیق حال کے لئے اپنے چچا ذاد بھائی حضرت مسلم بن عقیل رضی اللہ عنہ کو کوفہ بھیجا ان کی طرف سے بھی اطلاعات یہی موصول ہوئیں کے اہل کوفہ دل وجان ساتھ دینے کو تیار ہیں حضرت حسین رضی اللہ عنہ نے کوفہ کے سفر کا ارادہ کر لیا اور کوچ کی تیاریاں شروع کردیں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ اور حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ دونوں نے بہت سمجھایا کہ مکہ سے نہ نکلئے یہ دونوں حضرات یہ کہتے ہوئے روپڑے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ جس طرح امیر المومنین حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو ان کے گھر والوں کے سامنے ذبح کردیا گیا اسی طرح آپ کے اہل وعیال کے سامنے آپ کو بھی ذبح کردیا جائے جب حضرت حسین رضی اللہ عنہ نے کوچ کای تو حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ اُن کی سواری کے ساتھ دوڑتے ہوئے دور تک گئے اور اصرار کرتے رہے ہیں کہ اللہ کے لئے باز آجائیں اور اگر جانا ہی ہے تو خواتین اور بچوں کو تو ساتھ لے کر نہ جائیں اور یہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کون ہیں؟؟؟ِ۔۔۔ 

رشتے میں ایک جانب سے حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے چچا لگتے ہیں تو دوسری طرف نانا اس لئے کہ والد یعنی حضرت علی کے چچا زاد بھائی ہیں اور نانا یعنی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بھی چچا زاد بھائی ہیں لیکن اس وقت محبت سے مغلوب ہوکر کہہ رہے ہیں اے ابن اعمم اللہ کے لئے باز آجاؤ کم از کم ان عورتوں بچوں کو مکہ مکرمہ ہی میں چھوڑ جاؤ لیکن نہیں دوسری جانب عزیمیت کا ایک کوہ گران ہے پیکر شجاعت ہے سراپا استقامت ہے نیک نیتی ہے جو فیصلہ کیا ہے اس پر ڈٹے ہوئے ہیں اس کے بعد راستے میں جب اطلاع ملی کے حضرت مسلم بن عقیل جو ایلچی اور تحقیق کنندہ کی حیثیت سے کوفہ گئے تھے وہاں شہید کردیئے گئے ہیں اور کوفہ والوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔۔۔ سب کے سب نے گورنر کوفہ کے سامنے حکومت وقت کے ساتھ وفاداری کا عہد استوار کر لیا ہے ۔۔۔ تو حضرت حسین رضی اللہ عنہ نے سوچنا شروع کیا کہ سفر جاری رکھا جائے یا مکہ واپسی ہو۔۔۔

لیکن ذہن میں رکھئے کہ ہر قوم کا ایک مزاج ہوتا ہے جو انسان کی شخصیت کا جزولاینفک ہوتا ہے عرب کا مزاج یہ تھا کے خون کا بدلہ لیا جائے خواہ اس میں خود اپنی جان سے بھی کیوں نہ ہاتھ دھو لینے پڑیں چنانچہ حضرت مسلم بن عقیل رضی اللہ عنہ کے عزیز رشتدار کھڑے ہوگئے کہ اب ہم ان کے خون کا بدلہ لئے بغیر واپس نہیں جائیں گے حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی شرافت اور مروت کا تقاضا تھا کہ وہ ان لوگوں کا ساتھ نہ چھوڑیں جو ان کے مشن میں ان کا ساتھ دینے کے لئے نکلے تھے یہ کیسے ممکن تھا کہ حضرت مسلم بن عقیل رضی اللہ عنہ کے خون ناحق کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کرنے والوں کا ساتھ یہ پیکرشرافت و مروت نہ دیتا لہذا سفر جاری رہا اسی دوران حضرت عبداللہ بن جعفر طیار رضی اللہ عنہ جو چچا زاد بھائی ہیں ان کے بیٹے حضرت اعوان اور حضرت محمد ان کا پیغام لے کر آئے ہیں کہ ‘‘ اللہ کے لئے ادھر مت آو‘‘ لیکن فیصلہ اٹل ہے ان دونوں کو بھی ساتھ لیتے ہیں اور سفر جاری رہتا ہے حتی کے قافلہ دشت کربلا میں پہنچ گیا اُدھر کوفہ سے گورنر ابن زیاد کا لشکر آگیا یہ لشکر ایک ہزار افراد پر مشتمل تھا اور اس کو صرف ایک حکم تھا کہ وہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے سامنے یہ دو صورتیں پیش کریں کہ آپ نہ کوفہ کیطرف جاسکتے ہیں نہ مکہ یا مدینہ کی طرف مراجعت کرسکتے ہیں ان دونوں سمتوں کے علاوہ جدھر آپ جانا چاہیں اس کی اجازت ہے۔۔۔
یہاں ایک بات کو اچھی طرح سمجھ لیجئے کہ یہ تیسرا راستہ کون سا ہوسکتا تھا۔۔۔ وہ راستہ تھا دمشق کا لیکن افسوس کے حضرت حسین رضی اللہ عنہ نے اُسے اختیار نہ کیا بلکہ آپ وہیں ڈٹے رہے اب عمروبن سعد کی قیادت میں مزید چار ہزار کا لشکر کوفہ پہنچ گیا اور یہ عمرو بن سد کون تھے؟؟؟۔۔۔ افسوس کہ ان کے نام کو گالی بنادیا گیا ہے یہ تھے حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ فاتح ایران اور یکے از عشرہ مبشرہ کے بیٹے جن کی حضرت حسین رضی اللہ کے ساتھ قرابت داری بھی ہے وہ بھی مصالحت کی انتہائی کوشش کرتے ہیں اور گفت شنید جاری رہتی ہے اب حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی طرف سے تین صورتیں پیش ہوتی ہیں یعنی یہ کے یا مجھے مکہ واپس جانے دو یا مجھے کسی اسلامی سرحدوں کی طرف جانے دو کہ میں کفار کے خلاف جہاد وقتال میں اپنی زندگی گزروں یا میرا رستہ چھوڑ دو میں دمشق چلا جاوں، میں یزید سے اپنا معاملہ خود طے کرلوں گا لیکن اب گھیرا تنگ ہوگیا اور صورت حال یکسر بدل گئی ہے یہ بھی خوب جان لیجئے کہ اس کی اصل وجہ کیا تھی؟؟؟ِ۔۔۔

حضرت حسین رضی اللہ عنہ نے میدان کربلا میں ابن زیاد کے بھیجئے ہوئے لشکر کے سامنے جو خطبات دیئے اس میں انہوں نے بھانڈا پھوڑ دیا کہ میرے پاس کوفیوں کے خطوط موجود ہیں جنہوں نے مجھے یہاں آنے کی دعوت دی تھی انہوں نے اس کوفی فوج کے بہت سے سرداروں کے نام لے لے کر فرمایا کے افلاں ابن فلاں یہ تمہارے خط ہیں کہ نہیں؟؟؟۔۔۔ جن میں تم نے مجھ سے بیعت کرنے کے لئے کوفہ آنے کی دعوت دی تھی اس پر وہ لوگ براءت کرنے لگے کہ نہیں ہم نے یہ خطوط نہیں بھیجے اب ان کی جان پر بنی ہوئی تھی کیونکہ مصالحت کی صورت میں حکومت وقت سے ان کی غداری کا جرم ثابت ہوجاتا ہے جنگ جمل اور جنگ صفین کے واقعات یاد کیجئے جہاں بھی مصالحت کی بات ہوگی وہیں سبائی فتنہ آڑے آئے گا جو اس سارے انتشار وافتراق اور خانہ جنگیوں کا بانی رہا ہے مصالحت کی صورت میں تو اُن کا کچا چٹھا کھل جاتا اور معلوم ہوجاتا کے دوستی کے پردوں میں رہ کر کون دشمنی کرتا رہا ہے اور وہ کون ہیں جو سادہ لوح عوام کو دھوکا دے کر اور خواص کو بہلا پھسلا کر مسلمان کو مسلمان کے خلاف محاذ آرا کرتے ہیں۔۔۔ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے پاس کوفیوں کے بوریوں بھرے خطوط تھے مفاہمت کی صورت میں جب یہ سامنے آئے تو اُں کا حشر کیا ہوتا اس کو اچھی طرح آج بھی سمجھا جاسکتا ہے نتیجہ یہ ہوا کے ان سرداروں اور ان کے حواریوں نے مصالحت ومفاہمت کا سلسلہ جاری رہنے نہیں دیا اور عمروبن سعد کو مجبور کردیا کہ وہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے سامنے شرط پیش کرے کہ یا تو غیر مشروط طور پر گرفتاری دے دیں ورنہ جنگ کیجئے۔۔۔ یہ سازشی لوگ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے مزاج سے اتنے ضرور واقف تھے کہ ان کی غیرت وحمیت غیر مشروط طور پر حوالگی کے لئے تیار نہیں ہوگی اور فی الواقع ہوا بھی یہی۔۔۔

یہاں یہ جان لیجئے کے معاملہ تھا حضرت حسین رضی اللہ عنہ کا اُن کی غیرت اُن کی حمیت اُن کی شجاعت اس توہیں وتذلیل کو ہرگز گوارنہ کرسکتی تھی لہذا انہوں نے غیرمشروط گرفتاری دینے سے انکار کردیا اور مسلح تصادم ہوکر رہا جس کے نتیجے میں سانحہ کربلا واقع ہوا داد شجاعت دیتے ہوئے آپ کے ساتھی شہید ہوئے آپ کے اعزہ واقارب نے اپنی جانیں نچھاور کیں اور آپ نے بھی تلوار چلاتے ہوئے اور دشمنوں کو قتل کرتے ہوئے جام شہادت نوش فرمایا۔۔۔ ان اللہ وانا الیہہ راجعون۔۔۔

یہ ہے اصل حقیقت اس سانحہ فاجعہ کی اصل سازشی ذہن کو پہچانئے جیسے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کے درمیان اختلافات کا افسانہ جس نے بھی تراشا ہے بڑی عیارانہ مہارت سے تراشا اور گھڑا اس افسانے سے حقائق گم کردیئے گئے ہیں اب ہوتا یہ ہے کہ بجائے اس کے اصل مجرم کو پوائنٹ آؤت کیا جائے کوئی حضرت عثمان رضی اللہ عنہ پر تنقید کا ہدف بناتا ہے تو کوئی حضرت علی رضی اللہ عنہ کو اس طرح یہ دونوں فریق اس سازشی سبائیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اس لئے کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شخصیت مجروح ہوتی ہے تو بھی ان کا کام بنتا ہے اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کی ذات گرامی مجروح ہوتی ہے تو بھی ان کے پوبارہ ہوتے ہیں یہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کون ہیں؟؟؟۔۔۔ یہ ہیں ذوالنورین نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دوہرے داماد اور یکے بعد عشرہ مبشرہ اور یہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کون ہیں؟؟؟۔۔۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے تربیت یافتہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا زاد بھائی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے داماد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے محبوب اور یکے از عشرہ مبشرہ۔۔۔ ان دونوں میں سے کسی کی بھی شخصیت مجروح ہوتی ہے تو اس کی زد پڑتی ہے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس پر جو ان دونوں کے مزکی ومربی تھے ان شخصیتوں میں اگر نقص اور عیب مانا جائے گا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تربیت پر حرف آئے گا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت مبارکہ مجروح ہوگی افسوس کہ آج بھی اُن سبائیوں کا کام دونوں طرف سے بن رہا ہے۔۔۔

خوب جان لیجئے کہ ایسے تمام لوگ چاہے وہ اس کا شعور رکھتے ہوں یا نہ رکھتے ہوں سبائی ایجنٹ ہیں ہمارا موقف یہ ہے کہ‘‘ الصحابہ کلھم عدول‘‘ کوئی بدنیتی اور نفسانیت نہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ میں تھی نہ حضرت علی رضی اللہ عنہ میں نہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ میں نہ حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ میں نہ حضرت عمرو بن العاص میں تھی نہ حضرت ابوموسٰٰی العشری میں نہ حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہ میں تھی نہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ میں یا حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ رضوان اللہ علیھم اجمعین میں ہاں ایک فتنہ تھا جس نے ہر مرحلے پر جب بھی مصالحت ومفاہمت کی صورت پیدا ہوتی نظر آتی اس کو تار پیڈو کیا اور اس کی بجائے ایسی نازک صورت حال پیدا کردی کے کشت خون ہو مسلمان ایک دوسرے کی گردنوں پر تلواریں چلائیں فتنہ اور بھڑکے حق کے سیلاب کے آگے بند باندھا جاسکے ‘‘ تھمتا نہ تھا کسی سے سیل رواں ہمارا ‘‘ والی صورت ختم ہوسکے چنانچہ کون انصاف پسند ایسا ہوگا جو نہ جانتا ہو کہ حضرت ذوالنورین رضی اللہ عنہ کی مظلومانہ شہادت سے لے کر کربلا کے سانحے فاجعہ تک مسلمانوں کی آپس میں جو مسلح آویزیش رہی اس میں درپردہ ان سبائیوں ہی کا ہاتھ تھا مستند تواریخ اس حقیقت پر شاہد ہیں البتہ ان کو نگاہ حقیقت بین اور انصآف پسندی کے ساتھ پڑھان ہوگا جنگ جمل میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کو فتح ہوئی آپ رضی اللہ عنہ نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ کیا معاملہ کیا؟؟؟۔۔۔ بالکل وہی جو ایک بیٹے کو ماں کے ساتھ کرنا چاہئے چالیس خواتیں اور حضرت صدیقہ رضی اللہ عنہا کے لشکر کے معتبر ترین لوگوں کے ہمراہ پورے ادب واحترام کے ساتھ اُن کو مدینہ منورہ پہنچادیا۔۔۔ معلوم ہوا کہ نہ ذاتی دشمنی تھی نہ بغض وعناد۔۔۔ اور ادھر کیا ہوا؟؟؟۔۔۔ معاذ اللہ ثم معاذ اللہ امیر یزید نے خاندان رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی خواتین کو اپنی لونڈیوں بیایا؟؟؟۔۔۔ آخر وہ دمشق بھیجی گئیں لیکن وہاں کیا ہوا؟؟؟۔۔۔ ان کا پورا احترام کیا گیا ان کی دلجوئی کی گئی ان کی خاطر ومدارات کی گئی امیر یزید نے انتہائی تاسف کا اظہار کیا اور کہا کہ ابن زیاد اس حد تک نہ بھی جاتا تو بھی اس سے راضی رہ سکتا تھا کاش وہ حسین رضی اللہ عنہ کو میرے پاس آنے دیتا ہم خود ہی باہم کوئی فیصلہ کر لیتے۔۔۔ لیکن کربلا میں جو کچھ ہوا وہ اس فتنے کی وجہ سے ہوا جو کوفیوں نے بھڑکایا تھا۔۔۔وہ اپنی دوعملی اور مافقت کی پردہ پوشی کے لئے نہیں چاہتے تھے کے مصالحت ومفاہمت کی کوئی صورت پیدا ہو ان کو جب محسوس ہوا کہ ہماری سازش کا بھانڈا پھوٹ جائے گا تو انہوں نے وہ صورتحال پیدا کردی جو ایک نہایت دردناک اور الم انگیز انجام پر منتج ہوئی۔۔۔

یہ سانحہ فاجعہ انتہائی افسوس ناک تھا اس سے کون اختلاف کرسکتا ہے اس نے تاریخ پر جو گہرے اثر ڈالے ہیں وہ اظہر من الشمن ہیں اس کڑوے اور کسیلے پھل کا مزہ اُمت چودہ سوسال سے چکھتی چلی آرہی ہے ان دو واقعات یعنی شہادت حضرت عثمان رضی اللہ عنہ اور شہادت حسین رضی اللہ عنہما کی وجہ سے ہمارے درمیان افتراق، انتشار، اختلاف اور باہمی دست وگریباں ہونے کی جوفضا چلی آہی ہے اس پر اُن لوگوں کے گھروں میں گھی کے چراغ جلتے ہیں جنہوں نے اس کی بنیاد ڈالی جہاں جہاں اس کے اثرات پہنچے درحقیقت کامیابی ہوئی ہے ان کو جو دراصل ان فتنوں کی آگ کو بھڑکانے والے تھے اب کوئی یزدی کے نام کو گالی بنائے پھرت ہے کسی نے ثمر کے نام کو گالی بنایا ہوا ہے کوئی عمربن سعد کے نام کو گالی بنائے ہوئے یہاں تک بات پہچنی ہے لوگ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی شان میں بھی توہین آمیز اور گستاخانہ انداز اختیار کرنے سے نہیں چوکتے اللہ تعالٰی ایسے سب لوگوں کو ہدایت دے اور ہمیں ان میں شامل وہنے سے بچائے اور اپنی پناہ میں رکھے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان مبارک کو ہمیشہ نظر رکھنے کی توفیق عطاء فرمائے۔۔۔

اللہ فی اصحابی لاتتخذوھم غرضا من بعدی فمن احبھم فبحبی احبھم ومن ابغضھم فبیغضی ابغضھم

وما علینا الالبلاغ۔۔۔
والسلام علیکم ورحمہ اللہ وبرکاتہ۔۔۔

2 comments:

  • 28 October 2013 at 09:24
    Anonymous :

    ماشاء اللہ ۔ تحریر خوب ہے اور تاریخی واقعات کو صحیح انداز میں سبائی سازشوں کی تناظر میں لکھا گیا ہے ۔ اللہ آپ کے قلم میں اور فہم و فراست میں مزید اضافہ فرمائے اور آپ کو امت کے اتحاد و اتفاق کے لیے اس سے بھی اچھا لکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
    محمد عمران شہیر

  • 4 September 2018 at 08:37

    ماشاءاللہ
    تاریخی معلومات پہنچانے کے لیے آپ کا شکریہ
    لیکن آپ نے اپنی تحریر میں بریلوی اور دیوبندی کے عقائد کو ایک ہی بتایا ہے
    آپ اتنا بھی نہیں جانتے کہ بریلوی حضورصلی االلہ علیہ وسلم کو عالم الغیب،حاضروناظر،مختارکل مانتے ہیں،یہ بنیادی اختلاف عقائد کا دونوں کے درمیان ہے۔
    اس کے علاوہ وہ بدعتی بھی ہیں۔
    آپ ان سب باتوں کو اچھی طرح جانتے ہیں۔آپ میں اور بریلویوں میں ایک فرق ہے کہ انہوں نے دین میں اضافہ کیا ہے اور آپ نے کمی کی ہے اور انگریزوں کے ساتھ ملکر مسلمانوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔